اسلام آباد، فیصل آباد ( نمائندہ خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوزایجنسیاں ) تحریک انصاف نے ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے دفاترکے باہر کل احتجاج کا اعلان کردیا۔ عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا چیف الیکشن کمشنر نے جانبداری اور بددیانتی کی انتہا کردی ، منصوبے کے تحت ابھی تک منحرف اراکین کی اسمبلی سیٹ ختم کرنے کا ڈیکلریشن نہیں کیا جارہا۔ تحریک انصاف کل پورے ملک میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کے سامنے الیکشن کمشنر کے رویے کیخلاف احتجاج کرے گی۔ تحریک انصاف کی تمام ضلعی تنظیموں کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کی جارہی ہیں۔ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر نے اپنے ٹویٹ میں کہا شہباز شریف نے کہا تھا اگر ثبوت ہوں غیر ملکی مداخلت کے تو وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہوں گے ۔ اب ایک نہیں دو مرتبہ قومی سلامتی کمیٹی تصدیق کر چکی ہے بیرونی مداخلت ہوئی ۔خان نے تو ساتھ کھڑا نہیں ہونے دینا، میاں صاحب کرسی چھوڑو اور الیکشن کال کرو۔ سینیٹرفیصل جاوید نے کہا یہ حکومت کیا ایکسپورٹس بڑھائی گئی یہ تو خود امپورٹڈ ہے ۔اپنے ٹویٹ میں انہوں نے لکھا فوری الیکشن واحد حل ہے جس کے بعد امپورٹڈ حکومت ایکسپورٹڈ ہو جائے گی۔ سابق وزیرمملکت فرخ حبیب نے کہا کابینہ کے جتنے ملزم ہیں وہ سب ای سی ایل سے نکل چکے ،ملک میں اس وقت استحکام کی ضرورت ہے اور وہ صرف الیکشن سے ہوگا۔پنجاب میں جعلی وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہوا، 63 اے کا فیصلہ آیا ہوتا تو آج اتنا عدم استحکام نہ ہوتا، الیکشن کمیشن کی بھی ذمہ داری ہے منحرفین کو فوری ڈی سیٹ کیا جائے ۔