پشاور( خبر نگار)ائیر پورٹس پر سکریننگ عملے نے کرونا وائرس کو کمائی کاذریعہ بنا لیاہے ، سکریننگ کے دوران ائیر پورٹس پر تعینات عملے کی جانب سے مسافروں کو تنگ کرنے کی شکایات سامنے آ ئی ہیں، اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جو کسی مسافر کی جانب سے بنائی گئی ہے ،ویڈیو میں مسافر الزام لگا رہے ہیں کہ وہ چھ گھنٹے کی فلائٹ کے ساتھ بیرون ملک سے پاکستان پہنچے ائیر پورٹ پر عملہ کرونا وائرس کے حوالے سے انہیں بلیک میل کر رہا ہے اور انہیں کلیئرکرانے کیلئے پیسے مانگے جا رہے ہیں، ویڈیو میں ایک خاتون مسافر بھی عملے کی جانب سے پیسے مانگے جانے کی شکایت کر رہی ہیں،ویڈیو میں مسافر عملے سے اپنا پاسپورٹ مانگ رہے ہیں اور الزام لگا رہے ہیں کہ انہیں پاسپورٹ واپس نہیں دیا جارہاہے کرونا وائرس کے خدشات ظاہر کرکے بعض مسافروں کو بلاوجہ روکا جا رہاہے تاہم ائیر پورٹس پر تعینات عملے اور محکمہ صحت نے اس قسم کے الزامات کی تردید کی ہے ۔