کور کمانڈرز کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج ریاستی اداروں اور قوم کے تعاون سے تمام داخلی و بیرونی چیلنجوں کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ کانفرنس نیی بھارتی سرپرستی میں دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد کا جائزہ لیتے ہوئے پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں پر بھی شدید تشویش کا اظہار کیا۔ اس میںیہ حقیقت اب منصہء شہود پر آ چکی ہے کہ بھارت پاکستان اور چین کے سی پیک منصوبہ کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کر رہا ہے اس کے لیے وہ علاقے میں دہشت گردی کے نیٹ ورک بنا کر انہیں سرمایہ فراہم کر رہا ہے جس کے ثبوت دنیا کے سامنے رکھے جا چکے ہیں۔ یقینا بھارت کی یہ مذموم کوشش خطے کے امن و استحکام اور سلامتی کے لیے خطر ناک ہیں ۔ دوسری طرف بھارت طویل عرصہ سے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہا ہے جس سے بڑے پیمانے پر جان و مال کا نقصان ہو چکا ہے۔ علاوہ ازیں بھارت بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کو بھی عدم استحکام کا شکار کرنے کے لیے خفیہ منصوبے بنا رہا ہے۔ پاکستانی سکیورٹی فورسز دشمن کے کئی منصوبوں کو خاک میں ملا چکی ہیں اور ہر سطح پروطن عزیز کے دفاع کا عزم کیے ہوئے ہیں۔پوری قوم پاک مسلح افواج کے اس عزم پر اس کے ساتھ ہے کہ وطن عزیز کی حرمت و عزت اور اس کی سلامتی و استحکام کے لیے کوئی د قیقہ فرو گزا شت نہیں کیا جائے گا۔