کراچی(این این آئی)حالیہ عام انتخابات کے دوران رزلٹ ٹرانسمیشن سسٹم (آر ٹی ایس)کی ناکامی کے بارے میں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ابتدائی رپورٹ مکمل کر لی ہے جس کے مطابق50ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز پر آر ٹی ایس ایپلی کیشن کام نہیں کر رہی تھی۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی ابتدائی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ موبائل اور انٹرنیٹ سروس ہونے کے باوجود 50ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز پرآر ٹی ایس ایپلی کیشن نے کام چھوڑ دیا تھا، کئی پریذائیڈنگ افسروں نے اسے دوبارہ انسٹال کر کے انتخابی نتائج ارسال کیے ۔ذرائع نے اس ضمن میں بتایاکہ ریٹرننگ افسروں نے تمام پریذائڈنگ افسروں سے رپورٹ حاصل کر کے الیکشن کمیشن کو بھجوا دی ہے ، الیکشن کمیشن کی رپورٹ آرٹی ایس تحقیقاتی کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے گی۔25 جولائی کو رات 11 بجے کے بعد آرٹی ایس ایپ نے کام چھوڑ دیا تھا جس کی وجہ سے ریٹرننگ افسروں تک پولنگ اسٹیشنز کے نتائج بروقت نہ پہنچ سکے ۔