اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی) اپوزیشن جماعتوں کی رہبر کمیٹی نے حکومت کی طرف سے سیاسی رہنمائوں کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کیخلاف نیب کے باہر احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔رہبر کمیٹی نے ملک بھر میں 25 جولائی کو جلسوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں ہونے والے جلسے میں مولانا فضل الرحمن، اسفند یار ولی شرکت کرینگے ۔لاہور میں شہباز شریف، کراچی میں بلاول بھٹو، جبکہ کوئٹہ میں حاصل بزنجو اورمحمود اچکزئی شرکت کرینگے ۔اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا تیسر ان کیمرہ اجلاس پیر کو اسلام آباد میں اکرم درانی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین سینٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کنوینر کمیٹی اکرم درانی نے بتایا کہ رہبر کمیٹی نے اپوزیشن کی ایوان بالا میں مطلوبہ تعداد پر غور کیا،اپوزیشن کے تمام ممبران متحد ہیں ، ہماری میٹنگ نے سب کچھ واضح کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ میڈیا پر غیر آئینی قدغن عائد کردی گئی ہے ، ہم اس سنسر شپ کیخلاف سپریم کورٹ میں پٹیشن داخل کررہے ہیں جبکہ حکومت کیخلاف 25 جولائی کو عوام کی طرف سے عدم اعتماد آئیگا۔ ہم سیاسی اور صحافتی سنسر شپ کیخلاف آئینی و قانونی جنگ لڑینگے ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح امریکہ میں اپوزیشن کیخلاف عمران خان نے بدزبانی کی ہے اس پر پوری دنیا سے شرمندہ ہیں ۔قبائلی علاقوں میں دھاندلی کے ثبوت جلد سامنے آ ئینگے ، دھاندلی کے باوجود حکومت صرف 5 نشستیں جیت سکی ۔یہ بتایا جانا چاہیے امریکہ میں جلسے کیلئے ہال کس نے بک کیااور سارا کچھ کون کررہا تھا ، فنانسر کون تھا۔ انہوں نے کہاموجودہ حکومت جتنی ڈرپوک کوئی حکومت نہیں دیکھی۔ ہم کسی دفعہ 144 سے نہیں ڈرتے ، سیاسی جماعتوں نے ایسی حرکتیں بہت دیکھی ہیں جب ہم اسلام آباد آئینگے تو یہ حکومت کیلئے سرپرائز ہوگا۔ اکرم درانی نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری کے علاوہ دیگر سیاسی قائدین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، انہوں نے کہ اپوزیشن شاہد خاقان عباسی کی گرفتاری کیخلاف نیب آفس کے باہر مظاہرہ کریگی۔اکرم درانی نے کہا کہ عمران خان نے تو کنٹینر دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن یہاں تو مریم نواز کے جلسے میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں ۔25 جولائی کو ملک بھر میں اپوزیشن جلسے جلوس نکالے گی عمران خان ہمیں کنٹینر دیں۔