لاہور،قصور(وقائع نگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے گزشتہ روز بلوچستان کے پسماندہ ترین ضلع موسیٰ خیل کا دورہ کیا۔اس دوران قبائلی عمائدین اوردیگر شخصیات نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے قبائلی عمائدین اور مقامی لوگوں کو عید کی مبارکباد دی ۔قبائلی عمائدین کے مطالبہ پر وزیراعلیٰ نے پنجاب حکومت کی جانب سے موسیٰ خیل میں ریسکیو 1122سٹیشن کے قیام ، بینک آف پنجاب کی برانچ کے قیام اوراے ٹی ایم لگانے کا اعلان کیا۔انہوں نے موسیٰ خیل میں نادرا کا دفتر بھی قائم کرنے کااعلان کیااور کہاکہ اس ضمن میں وفاقی حکومت سے رابطہ کر کے مزید اقدامات کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہاکہ موسیٰ خیل میں کالج کے لئے بسیں بھی فراہم کی جائیں گی۔موسیٰ خیل کی تحصیل درگ میں بجلی کی فراہمی کے لئے رقم جمع کرادی گئی ۔ 73برس میں پسماندہ ترین ضلع موسی خیل کا دورہ کرنے والا پہلا وزیراعلیٰ ہوں،بلوچستان میرا دوسرا گھر ہے ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزداربارتھی بھی گئے ۔ اپنے والدکی قبر پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کچی وانگا بھی گئے اور ملک احمد خان کے انتقال پر اہل خانہ سے مرحوم کے ایصال ثواب کے لئے دعائے مغفرت کی۔بعدازاں وزیراعلیٰ نے ملک احمد خان کے بیٹے کی دستاربندی کی ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے چاندر ات اورعید پر بازاروں اور مارکیٹوں میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ذمہ داری کا ثبوت دیتے ہوئے احتیاط کے دامن کو ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہئے ۔انہوں نے عید پر کورونا مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں،نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عید کے لمحات ہسپتال میں گزارنے والے ہیلتھ پروفیشنلز قابل تحسین ہیں،ہیلتھ پروفیشنلز ڈیوٹی نہیں خدمت کررہے ہیں اور میں ان کی خدمات کا ذاتی طورپر معترف ہوں۔دریں اثنا وزیراعلیٰ عید کے پہلے روز طیارہ حادثہ میں شہید ہونے والے چیف ایگزیکٹو آفیسر اربن یونٹ خالد شیر دل اور پائلٹ کیپٹن سجاد گل کی رہائش گاہ پر گئے اور سوگوار خاندانوں سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور دونوں کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے شہدا کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعائے مغفرت کی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے قصور کے علاقے میں حافظ قرآن طالبعلم کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ۔انہوں نے مقتول کے اہل خانہ سے دکھ او رافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ آپ کے دکھ میں برابر کا شریک ہوں۔آپ کا لخت جگر تو واپس نہیں لا سکتا لیکن نہ صرف انصاف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا۔ادھر وزیراعلیٰ نے پتوکی کے قریب ریلوے پھاٹک پر ٹرین اور کار کے تصادم میں ایک ہی خاندان کے 4افراد کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اورافسوس کااظہارکرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہارکیا اورانتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے مظفر گڑھ کے قریب دریائے چناب میں ڈوبنے سے 2بہنوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن سے رپورٹ طلب کرلی ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے روجھان میں کچے کے علاقے میں3پولیس اہلکاروں کے اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ۔قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب نے عید الفطر کی نماز وزیراعلیٰ آفس کے لان میں ادا کی اورسماجی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔