کراچی(عمران شیخ) رابرٹ سلبرسٹین نے یکم اگست سے کراچی میں امریکی قونصل جنرل کا عہدہ سنبھال لیا، وہ امریکی سینئر فارن سروس کے کیریئر ممبر ہیں اور حال ہی میں واشنگٹن ڈی سی میں انسپکٹر جنرل کے دفتر میں سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ اور اس کے بیرون ملک مشنز کے معاملات کو بہتر بنانے میں مددگار رہے ہیں، اس سے قبل قونصل جنرل سلبرسٹین امریکی سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے فارن سروس انسٹیٹیوٹ میں سینئر مشیر کی حیثیت سے کام کرتے رہے جہاں انہوں نے خارجہ اور سول سروس افسران کیلئے تربیتی اور تعلیمی نصاب ترتیب دیے ۔وہ لتھوانیا میں موجود امریکی سفارتخانے میں ڈپٹی چیف آف مشن رہنے کے ساتھ نارڈک بالٹک معاملات کے آفس ڈائریکٹر اور جنوب وسطی یورپ آفس کے ڈپٹی ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں، ان کی دوسری خدمات میں ویتنام کے ہو چی منہ شہر اور کروشیا کے دارلحکومت زغرب میں واقع امریکی سفارتخانوں اور بھارت کے شہر چنائے میں موجود امریکی قونصل خانے میں تقرریاں بھی شامل ہیں۔