کراچی (سٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے عارضی مرکز بہادرآباد میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہو اجس کی صدارت کنوینر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کی،اجلاس میں ملک کی بدلتی ہو ئی سیاسی صورتحال پرتبادل خیال کیا گیا اورڈاکٹرخالد مقبو ل صدیقی اورفروغ نسیم کے بحیثیت وزیرکابینہ میں شمولیت کی باقاعدہ تو ثیق کی گئی۔رابطہ کمیٹی نے متفقہ طور پر عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارکباد پیش کرتے ہو ئے اس امید کا اظہار کیا کہ عمران خان کی قیادت میں ملک حقیقی تبدیلی کی جانب بڑ ھے گا اور اس کے ثمرات نچلی سطح تک عوام میں پہنچیں گے ،اجلاس میں ایم کیوایم کے سینئر ڈپٹی کنوینرعامرخان،ڈپٹی کنو نینرکنورنوید جمیل اوراراکین رابطہ کمیٹی نے شرکت کی۔متحدہ قومی موومنٹ پاکستانی کی رابطہ کمیٹی نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی روشنی میں چیف الیکشن کمشنرکی جانب سے سمندر پار پاکستانیوں کے ووٹ ڈالنے کے طریقے کا ر طے کرنے کے لئے کمیٹی کے قیام کو خوش آئند اقدام قرار دیتے ہوئے اسے پاکستان کی سیاسی تاریخ میں ایک سنگ میل قرار دیا۔رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان چیف الیکشن کمشنرکے اس فیصلے کا نا صرف خیر مقدم کرتی ہے بلکہ اس ضمن میں ہر قسم کے تعاون کے لئے تیار ہے ۔