لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے )پنجاب حکومت کی ہدایات پرضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران اراضی ریکارڈ سنٹر میں انتظامات کو کامیاب بنانے کے لئے مصروف ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر شالیمار مہدی مالوف نے اراضی ریکارڈ سنٹر شالیمار کا دورہ کیا۔ملازمین کی حاضری، آن لائن سسٹم، کمپیوٹر سیکشن، ریکارڈ، زیر التوا کیسز اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا اوردوران چیکنگ گزشتہ ماہ کی کوئی بھی رجسٹری یا انتقال اراضی کیس زیر التوا نہ پایا گیا۔رواں ماہ 244 رجسٹری کے کیسز سامنے آئے جن میں سے 234 کیسز کو حل کر دیا گیا ہے ۔ضلعی انتظامیہ لاہور نے پرائس کنٹرول کی گزشہ روز کی رپورٹ جاری کردی ہیں۔ 237 مقامات کو چیک کیا گیا اور 35خلاف ورزیاں پائی گئیں اور32 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 11 ایف آئی آر کا اندراج کروایا گیا ہے اور13 افراد کو حراست میں لے لیا گیاجبکہ2 افراد کو سیدھا جیل بھیج دیا گیا ہے ۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی تبریز مری نے فروٹ و سبزی منڈی ملتان روڈ اوراسسٹنٹ کمشنر شالیمار مہدی مالوف نے سنگھ پورہ سبزی منڈی کا دورہ کیا۔افسران نے منڈیوں میں نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا اور سرکاری نرخوں پر عملدرآمد، سبزیوں اور پھلوں کی کوالٹی اور معیار اور دیگر انتظامی امور کو چیک کیا۔افسران نے منڈیوں میں تجاوزات اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کو چیک کیا ۔