کراچی (سپورٹس ڈیسک) دفاعی چیمپئن رافیل نڈال نے رواں ماہ کے آخر میں یو ایس اوپن نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ کورونا وائرس امریکا میں اب بھی قابو سے باہر ہے ۔ 31 اگست سے نیو یارک میں ہونے والے ٹورنامنٹ میں 34 سالہ اسپینش اسٹار ڈرا میں شامل نہیں ہوں گے ۔ عالمی نمبر دو پلیئر نڈال نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں صحت کی صورتحال انتہائی پیچیدہ ہے ۔ سربیا کے نوواک جوکووچ ٹاپ سیڈ ہوں گے جبکہ امریکی اٹار سرینا ولیمز نے کھیلنے کا اشارہ دیا ہے ۔ سنسناٹی ماسٹرز کو نیو یارک منتقل کرنے کے بعد یو ایس ٹینس ایسوسی ایشن فلشنگ میڈو میں ایک ڈبل ٹورنامنٹ کی میزبانی کر رہی ہے ۔ یہ پروگرام 22 اگست سے بلی جین کنگ ٹینس سینٹر میں ہوگا جس کے فوراً بعد ہی یو ایس اوپن ہوگا۔ دونوں ٹورنامنٹ شائقین کے بغیر ہوں گے اور کھلاڑیوں کیلئے سخت اقدامات پر عمل کرنا لازم ہوگا۔