نئی دہلی(نیٹ نیوز )بھارتی کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی کا کہنا ہے کہ ریپ سے متعلق وہ اپنے بیان پر معذرت ہرگز نہیں پیش کریں گے ۔ بی جے پی شہریت ترمیمی بل کے خلاف ہونے والے احتجاجی مظاہروں سے لوگوں کی توجہ ہٹانا چاہتی ہے ۔معافی تو وزیراعظم کو مانگنی چاہئے جس نے دہلی کو ریپ کیپیٹل کہا تھا ،بھارتی پارلیمان کے سرمائی اجلاس کے آخری دن حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے راہول گاندھی کے جنسی تشدد سے متلق مبینہ متنازعہ بیان کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ان سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔ پارلیمان کے دونوں ایوانوں میں اس پر زبردست ہنگامہ آرائی ہوئی، جس کے بعد اسے غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔ پارلیمان کے باہر میڈیا سے بات چیت میں راہول گاندھی نے کہا کہ پارلیمان میں ہنگامہ آرائی کے سبب انہیں جواب دینے کا موقع نہیں دیا گیا،اصل بات یہ ہے کہ مودی اور امیت شاہ نے شمال مشرقی ریاستوں خاص طور پر آسام کو آگ لگا دی اور وہاں زبردست مظاہروں سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے وہ میرے بارے میں ایسا کہہ رہے ہیں۔