کراچی (کلچرل رپورٹر) اداکارہ، شاعرہ اورڈرامہ رائیٹر عظمیٰ علی خان نے کہا ہے کہ ہماری ڈرامہ انڈسٹری نے عورت کو مظلوم، بے بس، لاچار دکھائے جانے کے ساتھ اب دو ٹکے کی کرکے رکھ دیا ہے ۔ ایسے رائیٹرز جو عورت کو بُرا بھلا کہتے ہیں وہ یہ کبھی نہیں سوچتے کہ معاشرے میں ایسے کردار دکھا کر کیا ہم معاشرے کو سدھارنے کا کام کررہے ہیں یا عورت کی تذلیل کرکے اسکو اسکے مقام سے گرا رہے ہیں ۔ نمائندہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عظمی علی خان کا کہنا تھا کہ عورت ہمارے معاشرے میں ایک عزت اور غیرت کی علامت سمجھی جاتی ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ چند عورتوں کی وجہ سے تمام عورتوں کو اسی روپ میں ڈرامے میں دکھاناایک بڑا جرم ہے ۔ ڈرامے کسی بھی ملک کی ثقافت ، روایات اور تہذیب و تمدن کی عکاسی کرتے ہیں مگر ہمارے ڈراموں میں کبھی عورتوں کو اتنا مظلوم، بے بس اور لاچار دکھا یا جاتا ہے تو کبھی انکو اسلامی رشتوں کو پامال کرتے دکھایا جاتا ہے تو کبھی مکار، لالچی دکھایا جاتا ہے ۔