اسلام آباد(خبر نگار،سٹاف رپورٹر)مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے اپنے خلاف مقدمے میں پاکستان بار کونسل سے مدد مانگ لی۔ رانا ثناللہ نے پاکستان بار کونسل میں درخواست دائر کردی جس میں منشیات کیس میں کونسل سے کردار ادا کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ بدنیتی پر مبنی حکومتی اقدام سے دنیا میں پاکستان کی سیاسی ساکھ متاثر ہوئی،مقدمے سے دنیا میں یہ تاثر گیا کہ حکومتی مشینری کو منتخب نمائندوں پر اعتماد نہیں، مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا اورمیرے خلاف حکومتی طاقت کا استعمال کیا گیا، انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے پاکستان بار کونسل میرے معاملے کو اٹھائے ۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگومیں انہوں نے کہا شہباز شریف آئندہ ہفتے تک پاکستان آ جائیں گے ، نواز شریف تیزی سے صحت یاب ہور ہے ہیں ، ان ہائوس تبدیلی کی صورت میں مسلم لیگ ن اس کا حصہ نہیں بنے گی،حکومت بری طرح ناکام ہو گئی، لوگوں کو مرغیوں ،بھینسوں، کٹوں کے ذریعے خوشحال زندگی گذرانے کی نوید سنائی دی جا رہی ہے ،آئی جی کو سیاسی مخالفین کے خلاف مقدمات کے خاص مشن کیلئے لگایا گیا۔نجی ٹی وی سے گفتگو میں رانا ثنا نے کہا سیاسی استحکام آنے تک ملک میں معاشی استحکام نہیں آ سکتا ،حکومت نے ملک کا بیڑا غرق کر دیا، مہنگائی کے معاملے کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں، اپوزیشن کے ساتھ اتفاق سے احتجاج کا اعلان کریں گے ،ہم خود ساختہ احتجاج کرکے اپوزیشن کو منتشر نہیں کرنا چاہتے ۔