کولمبو (سپورٹس ڈیسک) ارجنا رانا ٹنگا نے پاکستان میں ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کھیلنے کی حمایت کر دی۔ سابق سری لنکن کپتان ارجنا رانا ٹنگا نے کہا ہے کہ سری لنکا میں بدامنی کے 30 سالہ دور میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں نے ہماری مدد کی اور میچز کھیلنے کے لیے آتے رہے ۔اب ہمیں چاہیے کہ پاکستان کی مدد اور اس کا ساتھ دیں۔ بدقسمتی سے ہمارے پاس ہمت رکھنے والا کرکٹ بورڈ نہیں۔یاد رہے کہ سابق کپتان اور وزیر ارجنا رانا ٹنگا کی قیادت میں سری لنکا نے اپنا پہلا اور آخری ورلڈ کپ ٹائٹل جیتا تھا، وہ ماضی میں بھی پاکستان کے ساتھ کرکٹ معاملات میں تعاون کی حمایت کرتے رہے ہیں، سری لنکن کرکٹ کے امور عبوری طور پر چلائے جارہے ہیں، آئی لینڈرز کو 3 ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کے لیے 25 ستمبر کو پاکستان آنا ہے ، سیکورٹی انتظامات کا از نو جائزے کا بیان جاری کیے جانے کے بعد غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی، ابھی تک سری لنکن بورڈ کی طرف سے با ضابطہ طور پر کوئی مثبت یا منفی جواب موصول نہیں ہوا، پی سی بی سیریز کے انعقاد کے لیے تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے ۔