راولپنڈی (رپورٹر92نیوز)ملائشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سالانہ انٹرنیشنل اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب کے مہمان خصوصی ہونگے ۔ ایوارڈز کی تقریب نو جولائی کو ملائیشیا کے شہر کولالمپور میں منعقد ہو گی۔ صدر چیمبر ملک شاہد سلیم نے بتایا ہے کہ گروپ لیڈر و سابق صدر سہیل الطاف کے ہمراہ انہیں اسلام آباد میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے وزیر اعظم مہاتیر محمدسے وزیراعظم ہاوس میں مختصر ملاقات کا موقع ملااور انہیں تقریب میں شرکت کے لیے دعوت دی جو انہوں نے قبول کر لی۔ ملک شاہد سلیم نے مزید بتایا کہ اس موقع پر آٹھ جولائی کوپاکستان بزنس کانفرنس بھی منعقد ہو گی جس میں ملک بھر سے صنعت و تجارت کی چھ سو سے زائد نمایاں شخصیات شریک ہوں گی ۔ کانفرنس میں بڑی تعداد میں تاجروں ، سرمایہ کاری اور صنعتکاروں کی شرکت سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور ریجن میں صنعت و تجارت کو فروغ حاصل ہوگا، روزگار اور کاروبار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بزنس کانفرنس کا مقصد دوسرے ملکوں کے تاجروں اور کاروباری افراد کو باہمی تجارت کے فروغ کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے راغب کرنا ہے ۔ ملک شاہد سلیم نے کہا کہ زرمبادلہ کے حصول او ر برآمد ت میں اضافے کے لئے لازم ہے کہ ہم اپنی مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچائیں اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے مابین کئی شعبوں میں باہمی تعاون سے متعدد منصوبے جاری ہیں اور ایوان صنعت و تجارت راولپنڈی کی بزنس کانفرنس سے ملائیشیااور پاکستان کی تاجر برادری کو مل بیٹھنے اور مشترکہ منصوبہ سازی و تجارت پر غورکے مواقع میسر آئیں گے ۔