راولپنڈی،سکھو ( نامہ نگار خصوصی، نمائندہ 92 نیوز)راولپنڈ ی میں ایک گھر میں گیس لیکج سے ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں دو خواتین اور 13سالہ لڑکا جھلس کر جاں بحق جبکہ ایک اورواقعہ میں گیس لیکج کے باعث دم گھٹنے سے 2 شہری بے ہوش ہوگئے ۔پہلاافسوس ناک واقعہ تھانہ ایئر پورٹ کے علاقے ڈھوک چوہدریاں میں آصف کے گھر میں پیش آیا جہاں خاتون حمیرہ نے بجلی کا سوئچ آن کیاتو دھماکے سے آگ بھڑ ک اٹھی جسکے نتیجے میں حمیرہ کے علاوہ شبنم اور فہد کیانی جھلس کر جاں بحق ہوگئے ،ریسکیو 1122نے موقع پرپہنچ کر آگ پر قابوپایا اور انکی نعشیں نکالی۔ جاں بحق ہونیوالوں کا تعلق گوجر خان کے گائوں سکھو سے ہے ۔پولیس کے مطابق فلیٹ میں صرف تین افراد تھے اورگیس لوڈ شیڈنگ کے باعث چولہے کا والو کھلا چھوڑ کر سو گئے تھے ، گھر والوں نے صبح ناشتہ بنانے کیلئے آگ جلائی تو دھماکہ ہوگیا ۔دوسرا واقعہ بھی اسی تھانے کی حدود اور ڈھوک چوہدریاں میں پیش آیا جہاں کمرے میں گیس بھر جانے کے باعث فہیم اور جہانزیب نامی شہری بے ہوش ہوگئے ، ریسکیو 1122نے طبی امداد دیکر انہیں بچالیاتاہم جہانزیب کی حالت تشویش ناک ہونے پر اسے ہسپتال منتقل کردیاگیا۔ ایک ہفتے میں ہونیوالے پے در پے واقعات کے دوران متعدد اموات پر شہریوں میں خوف وہراس پھیل گیاہے ۔ دوسری جانب ریسکیو 1122نے گیس لیکج کے بارے میں آگہی مہم شروع کردی ہے جس میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اس طرح کے حادثات سے بچنے کیلئے رات کوگیس سے متعلقہ آلات کے استعمال میں احتیاط برتیں، رات کو سونے سے پہلے گیس سے متعلقہ آلات ہیٹر، چولہے وغیرہ بند کر دیں ، گھرمیں گیس لیکج محسوس ہونے پربجلی کا سوئچ اور آگ ہرگز نہ جلائیں اورتمام دروازے اور کھڑکیاں کھول دیں اور گھر سے باہر نکل کرفوری طور پرریسکیو 1122 کو اطلاع دیں۔ گیس لیکج دھماکہ میں جاں بحق ہونیوالے 3افرادکوغربی گوجرخان کے علاقہ سکھو کے آبائی عید گاہ والے قبرستان میں ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپردخاک کر دیا گیا ۔جاں بحق خاتون معروف ماہر تعلیم پروفیسر راجہ رکن سلطان کیانی اور ممتاز سماجی کارکن راجہ خرم سلطان کیانی کی ہمشیرہ تھیں، نماز جنازہ ایم پی اے چوہدری ساجد محمود ، پیپلز پارٹی کے رہنما راجہ جاوید اشرف ، پی ٹی آئی رہنما چوہدری محمد عظیم سمیت علاقہ بھر کے عوامی،سماجی، تجارتی حلقوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔