اسلا م آباد ،لاہور،کراچی،واشنگٹن (رپورٹنگ ٹیم، نمائندگان، نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا کی مہلک وبا سے پاکستان میں مزید50افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ اموات کی مجموعی تعداد12708ہو گئی ۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ملک میں کوروناکے 1196نئے مریض رپورٹ ہوئے اور کل تعداد574580ہوگئی جبکہ فعال کیسز کی تعداد23665ہو گئی،1632مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جبکہ کل538207صحتیاب ہو چکے ۔ این سی او سی نے اجلاس میں ملک بھر میں کوروناوائرس کی صورتحال پر تفصیلی غورکیا جس کے بعد 15 مارچ سے مزارات اور سنیما گھر کھولنے ، کورونا ایس او پیز کیساتھ شادی کی ان ڈورتقریبات کی اجازت دیدی۔اجلاس کے بعدجاری اعلامیہ کے مطابق دفاترکے 50 فیصد لوگوں کے گھرسے کام کرنے کی پابندی ختم کردی گئی،ماسک،سماجی فاصلے کی پابندی اور سمارٹ لاک ڈاؤن پرعملدرآمد جاری رہیگا۔پی ایس ایل کے پول میچز میں تماشائیوں کی تعداد 20 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔پی ایس ایل کے پلے آف میچز میں سٹیڈیم کی گنجائش کے مطابق شائقین کی اجازت ہوگی۔کمرشل،تجارتی مراکز اور پارکس کیلئے اوقات کار کی پابندی بھی ختم کر دی گئی۔این سی او سی نے رائے دی ہے کہ الیکشن کمیشن لوکل باڈیزاورکینٹ بورڈز کے الیکشن مئی کے آخرتک کرائے ۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق صوبہ میں مزید32مریضوں کی جان چلی گئی جبکہ543نئے کیس سامنے آگئے ،صوبہ میں اموات کی کل تعداد5269ہوگئی ۔ لاہورمیں 406، فیصل آباد 47اور شیخوپورہ میں 13 کیسزرپورٹ ہوئے ۔ لاہور کے گورنمنٹ گرلز ایلیمنٹری سکول رحمت پورہ کو 2 طالبات کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر 7 روز کیلئے بند کر دیا گیا۔دنیا بھرمیں ہلاکتیں25لاکھ سے زائد ہو گئیں۔۔ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ6 ہفتوں میں عالمی سطح پر کورونا کیسز میں کمی ہوئی ، گزشتہ ہفتے عالمی سطح پر کورونا کے 24 لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے ،جو پچھلے ہفتے کے مقابلے میں 11 فیصد کم ہیں۔ کوروناسے اموات میں بھی کمی آئی ۔ علاوہ ازیں عالمی ادارہ صحت کی زیر نگرانی ’’کوویکس پروگرام‘‘ نے غریب ممالک کو ویکسین کی فراہمی شروع کر دی، پہلی کھیپ 6 لاکھ خوراکیں افریقی ملک گھانا کو فراہم کر دی گئیں۔