لاہور ،راولپنڈی(وقائع نگار،خصوصی رپورٹ، رپورٹر92نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے راولپنڈی میں گورنمنٹ وقارالنسا پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ آج راولپنڈی رنگ روڈ ، نالہ لئی ایکسپریس وے کی منظوری بھی دے دی ، ہم محض بلندوبانگ دعوے کرنے کے قائل نہیں بلکہ کام کر کے دکھاتے ہیں۔ گورنمنٹ وقار النسا پوسٹ گریجوایٹ کالج برائے خواتین راولپنڈی میں تقریب سے خطاب کر تے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج کا دن راولپنڈی کا دن ہے اوراس ضمن میں راولپنڈی کے شہریوں اوراس شہر کے وکیل شیخ رشید احمد اور ارکان اسمبلی کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔ وقارالنسا یونیورسٹی میں پہلے مرحلے میں 4فکلیٹیز قائم کی جائیں گی اور ابتدائی طورپر ایک ارب روپے کا فنڈ فراہم کیا جائے گا۔راولپنڈی کیلئے رنگ روڈ اور نالہ لئی ایکسپریس وے جیسے میگا پراجیکٹس شر وع کیے جارہے ہیں اوریہ منصوبے گیم چینجر ثابت ہوں گے ،راولپنڈی کو پنجاب کا مثالی شہر بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اس سال ایک ارب روپے کے 29142 رحمت اللعالمین سکالر شپ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، غازی یونیورسٹی ڈی جی خان، اوکاڑہ یونیورسٹی، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، یونیورسٹی آف چکوال اور بہاؤالدین ذکریایونیورسٹی میں ’’سیرت چیئر‘‘ قائم ہوچکی ہے جس کے تحت محقیقین کو ریسرچ کیلئے معاونت فراہم کی جائے گی۔ قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ سی ایس ایس میں ٹاپ کرنے والی خاتون راولپنڈی میں رکشا ڈرائیور کی بیٹی ہے ، راولپنڈی میں آئی ٹی یونیورسٹی ہونی چاہیے ۔ 26 سال سے نالہ لئی ایکسپریس وے کا خواب دیکھ رہا تھا۔وزیراعظم 25 دسمبر کو نالہ لئی ایکسپریس وے منصوبے کا افتتاح کریں گے ۔ تقریب سے صوبائی و زیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں اورپرنسپل کالج نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس میں پنجاب کی شاہراہوں کی تعمیر و مرمت اوربحالی کے منصوبوں کا جائزہ لیاگیا اور بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ملاقات کی۔ ملاقات میں سینیٹرز پرنس آغا عمر احمد زئی، دنیش کمار اور رکن قومی اسمبلی نوابزادہ عامر خان مگسی بھی موجود تھے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے ۔ وزیر اعظم کی قیادت میں ترقی کا سفر جاری و ساری رہے گا۔دریں اثناوزیراعلیٰ پنجا ب نے خوراک کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا کہ اچھی خوراک ہر انسان کی بنیادی ضرورت اوربنیادی حق ہے ۔