اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت (بنگلور) میں ہونیوالے توہین رسالت کے دل خراش واقعے نے مسلمانوں کے جذبات کومجروح کیاہے ، اس ویڈیو کو پوری امت مسلمہ کودیکھنا چاہئے ۔گزشتہ روز جاری بیان میں انہوں نے مزید کہاکہ انڈیا میں آج مسلمان اقلیت محفوظ نہیں ، مسجد کوشہید کرکے مندر بنانا بھی قطعی طور پر درست نہیں۔ بھارت میں جذبات بھی مسلمانوں کے مجروح کئے جاتے ہیں اور شہادتیں بھی مسلمانوں کی ہوتی ہیں جبکہ مسلمانوں کو ہی گرفتار کیا گیا، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو اسکا نوٹس لینا چاہئے ۔ سیکولرسٹیٹ کو تو بھارت کی موجودہ حکومت نے دفن کردیا۔ آج بھارت میں ایک ہندو سٹیٹ جنم لے رہی ، یہ اسکا اندرونی مسئلہ نہیں بلکہ انسانیت کا مسئلہ ہے ،ہم نے بھارتی ہائی کمیشن کے حکام کیساتھ یہ معاملہ اٹھایا اور پاکستان کے ردعمل کا اظہار کیا ہے ۔ ہر انٹرنیشنل فورم پر اسلاموفوبیا کے مسئلہ کو اٹھارہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان کی جنرل اسمبلی کے گزشتہ اجلاس میں تقریر میں بڑھتے ہوئے اسلامو فوبیا کا تذکرہ موجود ہے جبکہ جنرل اسمبلی کے نو منتخب صدرکے سامنے میں نے یہ ایشواٹھایا۔دریں اثنا خصوصی تقریب میں وزیر خارجہ مخدوم نے وژن ایف او کے تحت کورونا عالمی وبائی چیلنج کے دوران دنیا بھر میں نمایاں خدمات سرانجام دینے والے پاکستانیوں کی پذیرائی کیلئے فارن منسٹرز آنرز لسٹ کا اعلا ن کردیا جس میں دنیا بھر میں مقیم 86 پاکستانیوں کا نام شامل ہے ۔پہلی کیٹیگری میں وہ شامل ہیں جنہوں نے انسانیت کی خدمت جاری رکھی اور اپنی جان جان آفرین کے سپرد کر دی،دوسری میں ڈاکٹرز،طبی عملہ شامل ہے ۔ علاوہ ازیں وزارت خارجہ میں شاہ محمود قریشی سے وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان محمد صادق نے ملاقات کی اور افغان امن عمل کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ د ی جبکہ خطے کے امن و استحکام سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا ۔