لکھنؤ(نیٹ نیوز) بھارت کے 81 سالہ باغبان حاجی کلیم اللہ خان کو ’’آم آدمی‘‘ بھی کہا جاتا ہے کیونکہ انہوں نے آم کے ایک درخت پر بیک وقت 300 الگ الگ اقسام کے آم اگا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ملیح آباد کے حاجی کلیم اللہ خان کو اس کارنامے پر حکومت کی جانب سے ’’پدماشری‘‘ اعزاز بھی دیا جاچکا ہے ۔کلیم اللہ نے بتایا کہ انہوں نے اپنے پشتینی باغ میں آم کے 100 سال پرانے درخت کا انتخاب کیا اور پھر الگ الگ اقسام والے آموں کے درختوں کی قلمیں اس درخت کی کسی شاخ پر لگا دیتے ، بالآخر پچیس سال کے بعد یہ درخت 300 سے زائد اقسام کے آم دینے کے قابل ہوا۔آج یہ درخت اتنا بڑا ہوچکا ہے کہ اسکے سائے تلے 15 افراد بہت آرام سے پکنک منا سکتے ہیں جبکہ اسکی سینکڑوں شاخیں دور دور تک پھیلی ہوئی ہیں۔