اسلام آباد، لاہور، ملتان، حافظ آباد، سیالکوٹ (خصوصی نیوز رپورٹر، لیڈی رپورٹر،اپنے رپورٹر سے ،نامہ نگاران) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد، لاہور، ملتان، وہاڑی ،راجن پور،رحیم یار خان،وزیرآباد، سیالکوٹ اوردیگر شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں، ہاتھوں میں پلے کارڈز،بینرز اٹھائے شرکا نے بھارتی فوج کیخلاف شدید نعرے بازی کی اور کشمیریوں کے حق میں اور کشمیر بنے گا پاکستان،پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے ۔شرکا نے اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں کرفیو ختم کرنے اور مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ اسلام آباد کے ڈی چوک میں سینکڑوں خواتین اور بچوں نے مارچ کیا،جس میں خواتین ارکان پارلیمنٹ نے بھی کشمیر کے حق میں نعرے لگائے ، مارچ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔بچوں کے ایک گروپ نے زخمی کشمیری بچوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آنکھوں اور چہرے پر علامتی خون آلود پٹیاں باندھ رکھی تھیں۔ضعیف العمر اورمعذورخواتین بھی کشمیری جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھائے شریک تھیں۔مارچ سے سینیٹر مہرتاج، اراکین کشمیرکمیٹی نزہت پٹھان، ساجدہ بیگم، ثمینہ ریاض، آزادکشمیر تحریک انصاف کی صدر خولہ خان اور تحریک یکجہتی کشمیر کی سربراہ عظمیٰ گل اور دیگر خواتین رہنمائوں نے خطاب کیا۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر ہمارا دفاعی حصار ہے ،جلد کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہونے والا ہے ،اپنے زورِ بازو پر ناز کرنے والے مودی ایک گھنٹے کے لئے مقبوضہ کشمیر سے کرفیو اٹھا کردیکھیں ،انہیں پتہ چل جائے گا ردعمل کسے کہتے ہیں،مقبوضہ کشمیر کی بہنیں ،بیٹیاں ،مائیں ،بزرگ ،بچے اور جوان انسانیت کی تذلیل کا جواب دینے کے لئے بے تاب بیٹھے ہیں،کشمیر کے معاملے پر اپوزیشن اپنی ذات سے باہر نکل کر نیشنل کاز کو فروغ دینے کے لئے کردار ادا کرے ،اپوزیشن ہر معاملے اور ایشو پر سیاست کرنا چھوڑ دے ،یہ وقت یکجا ہو کر دنیا کو پیغام دینے کا ہے ۔ اکادمی ادبیات پاکستان کے زیر اہتما م راولپنڈی اسلام آباد کے شاعروں ، ادیبوں ،دانشوروں،اکادمی کے افسران اور عملے نے اکادمی ادبیات پاکستان کے دفتر کے سامنے جمع ہو کراحتجاج کیا۔لاہور میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ملک سیلرز اینڈ سپلائرز ایسوسی ایشن نے ناصر باغ سے اسمبلی ہال تک ریلی نکالی ۔۔ حافظ آباد میں ضلعی انتظامیہ نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے جناح چوک تک ریلی نکالی ۔محکمہ سوشل ویلفیئر اور تحصیل کو آرڈی نیشن کونسل نے وزیرآبادمیں ریلی منعقدکی۔ سیالکوٹ میں جی سی یونیورسٹی کی طالبات نے مودی سرکاری کی ظالمانہ پالیسی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔ملتان میں ڈپٹی کمشنر اورچائلڈ پروٹیکشن بیورو ،وہاڑی میں ایپکا نے ریلی منعقد کی۔راجن پور اور بورے والا میں بھی ریلیاں ہوئیں۔