اسلام آباد،فیصل آباد(نیوز ایجنسیاں) صدرمسلم لیگ (ن) شہبازشریف نے ملک میں بڑے پیمانے پر پبلک ورکس پروگرام شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے ملکی معیشت چلانے کے لئے شرح سود فی الفور کم کرکے 6 فیصد کی جائے ۔ ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر نے کہا ملک بھر میں سرکاری ترقیاتی پروگرام کے تحت تعمیرات کا آغاز کیاجائے تاکہ لوگوں کو روزگار مل سکے ۔ عوام کو ریلیف اور رعایت پر مبنی بجٹ دیں، طلب بڑھانے سے ہی معیشت چل سکتی ہے ، سی پیک منصوبوں کے لئے وسائل اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہیں، سی پیک کے تحت کراچی سے پشاور تک ریلوے لائن کی اپ گریڈیشن کے لئے مختص رقم سے یہ منصوبہ اگلے 200 سال میں مکمل نہیں ہوگا،ٹیکس جمع نہ ہونے کی ذمہ دارخودحکومت ہے ، پی ٹی آئی ہماری بنائی پالیسی پر چلتی تو اس سال 5000 ارب ٹیکس جمع ہوتااورآئندہ مالی سال کا ٹیکس ہدف 5700 ارب ہوتا ۔مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کورونا مریضوں کے علاج معالجہ کی ادویات اور دیگر طبی سامان کی نایابی اور مہنگے داموں دستیابی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا عمران صاحب عوام کورونا سے مررہے ہیں،آپ وزیر صحت اور وزیراعظم ہیں، خدارا جاگ جائیں۔ عمران صاحب بازار میں آکسی میٹرز ہزاروں روپے میں فروخت کرکے عوام کو لوٹا جارہا ہے ،گھروں میں زیرعلاج کورونا مریضوں کی ادویات بازار سے غائب یا پھر سونے کے بہاؤ فروخت ہورہی ہیں، بھاپ لینے والے کرسٹل تک بازار میں انتہائی مہنگے فروخت ہورہے ہیں۔فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو میں رانا ثناء اﷲ نے کہا معاشی یا کورونا کے معاملے پر عمران خان کی موجودگی میں قومی اتفاق رائے مشکل ہی نہیں ناممکن ہے ، حکومت کاکوئی وجودنہیں۔