کراچی (سٹاف رپورٹر) انسداددہشت گردی عدالت کراچی نے سانحہ بلدیہ ٹاؤن فیکٹری کیس میں فیکٹری مالک ارشد بھائلہ کا بیان ویڈیولنک کے ذریعے قلمبند کرلیا۔ جمعرات کو جیل حکام کی جانب سے ملزم زبیر عرف چریا کو عدالت میں پیش کیا گیاجبکہ ایم کیو ایم رہنما عبدالرؤف صدیقی و دیگر بھی پیش ہوئے ۔ بیان میں ارشد بھائلہ نے بتایا کہ زبیر چریا بلدیہ ٹاؤن کے سیکٹر انچارج اصغر بیگ کے چھوٹے بھائی کا گہرا دوست تھا،فیکٹری کے جنرل منیجر منصور نے 15 لاکھ روپے ماہانہ بھتہ دینے پررضامند کیا،آتشزدگی کے بعد سیکٹرانچارج اعجاز بیگ کو بھتہ دیا۔2012ء میں شاہد بھائلہ، منصور کے آفس میں سیکٹر انچارج ماجد بیگ سے ملا تھا۔ماجد بیگ نے کہا اب کروڑوں روپے بھتہ دینا پڑے گا۔12 جولائی 2012ء کو اصغر بیگ کی جگہ رحمان بھولا کو بلدیہ کا سیکٹر انچارج لگایاگیا۔ ایک دن ہم فیکٹری سے نکل رہے تو رحمان بھولا نے روکا اور دھمکی دی کی بھتے کے لیے حماد صدیقی سے رابطہ کرو۔رحمان بھولا نے 25 کروڑ بھتہ اور فیکٹری میں حصہ مانگا،جنرل منیجر منصور کو ایک کروڑ روپے دیکر معاملہ نمٹانے کا کہا،تاہم ہمیں ایم کیوایم کی جانب سے مسلسل تنگ کیا جانے لگا ،11 ستمبر 2012ء کو پہلے گودام میں آگ لگائی گئی،ہمارے جانے کے بعد ایم کیوایم کارکنوں نے فیکٹری کا کنٹرول سنبھال لیا اور کسی کو اندر نہیں جانے دیا۔عدالت نے بیان قلمبند کرنے کے بعد مزید گواہوں کو طلب کرلیا ہے ۔