لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک ) مسلم لیگ ن کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ شہبازشریف کے تمام اثاثے الیکشن کمیشن اور ایف بی آرمیں ڈکلیئرڈ ہیں جبکہ پی ٹی آئی کے ایک رہنما اور سلمان شہباز کا کیس ایک جیسا ہے لیکن توپوں کا رخ صرف ہماری طرف ہے ۔چینل 92نیوز کے پروگرام’’نائٹ ایڈیشن‘‘ میں اینکر پرسن شازیہ ذیشان سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ میاں شریف کی وفات کے بعد بٹوارہ ہوا تو شہبازشریف کی فیملی کو 90کروڑ کے اثاثے ملے ۔ ٹی ٹی غیر قانونی تب ہوتی ہے جب دہشتگردی اور منشیات کا معاملہ ہو۔ن لیگ کے رہنما جلیل شرقپوری نے کہا کہ نوازشریف کا انداز سیاست ملکی مفاد میں نہیں، ن لیگ اگر لانگ مارچ کسی ادارے سے ٹکرائو کیلئے کرتی ہے تو یہ مناسب نہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجابسے ملاقات ایک دوسری نوعیت کے مسئلے پر ہوئی۔ہماری پارٹی بھی عثمان بزدار کو وزیر اعلیٰ اور عمرا ن خان کو وزیر اعظم تسلیم کرتی ہے ورنہ پارلیمنٹ میں نہ ہوں۔پارٹی میں کوئی ایسا قانون نہیں جو مجھے وزیر اعلیٰ سے ملنے سے روکے ۔وزیر قانون پنجاب بشارت راجہ نے کہا کہ اگلے چند دن میں موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کو گرفتار کرلینگے ،سی ٹی ڈی سمیت پولیس کی بے شمار ٹیمیں کام کررہی ہیں،تاہم اب تک گرفتاری عمل میں نہ آنا باعث تشویش ہے ۔ ہر چیز میڈیا پر آنے سے ہمارے لئے مشکلات پیدا ہوئی ہیں۔پہلے بھی کہہ چکا کہ سی سی پی او کووکٹم کو بلیم نہیں کرنا چاہئے ،ہمارا کام انصاف فراہم کرنا اور اس کیس کو جلد منطقی انجام تک پہنچانا ہے ۔ماہر افغان امور رحیم اللہ یوسفزئی نے کہا کہ خوش آئند بات ہے کہ افغانستان میں بات چیت سے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ، مگریہ اتنی آسانی سے حل نہیں ہوگا۔بنیاد ی اختلاف یہ ہے کہ طالبان چاہتے ہیں کہ افغانستان میں ایک شرعی نظام قائم ہو ۔طالبان جنگ بندی اسلئے مان رہے کیونکہ یہ ان کیلئے ایک ہتھیار ہے ،اس سے وہ پہلے بھی اپنے مقاصد حاصل کرچکے ہیں۔دوحہ مذاکرات میں ٹائم ٹیبل دیا گیا ہے کہ غیر ملکی افواج افغانستان سے کب نکلیں گی۔ٹرمپ فوج واپس بلا کر امریکی عوام کو الیکشن میں بتانا چاہتے ہیں کہ اپنا وعدہ پورا کردیا ۔