پشاور(نیٹ نیوز) پشاور میں سکھ کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے ردیش سنگھ صوبے میں وہ واحد اقلیتی امیدوار ہیں جو جنرل سیٹ پر اکثریتی بڑی سیاسی جماعتوں کے مضبوط امیدواروں کے سامنے میدان میں اترے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ یہ مقابلہ مشکل ہے ، خوف بھی ہے لیکن وہ پرامید ہیں کہ لوگ مجھے ووٹ ضرور دیں گے ۔ وہ پی کی 75 پر انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں اور ان دنوں گھر گھر جا کر لوگوں سے ووٹ کی اپیلیں کر رہے ہیں۔ کہنا تھا کہ مسلمان اور دیگر مذاہب کے بزرگ مرد اور خواتین دعائیں دیتے ہیں اور ان کی کامیابی کیلئے کوشاں ہیں۔خیبر پختونخوا میں وہ واحد امیدوار ہیں جن کا تعلق اقلیت سے ہے اور وہ جنرل نشست پر مقابلہ کر رہے ہیں۔ ردیش سنگھ تحریک انصاف میں اقلیتی ونگ کے رہنما رہے ۔انہوں نے کہا کہ 2011 کے بعد جماعت کے حالات ایسے ہو گئے تھے جس میں امرا کو ترجیح دی جانے لگی اس لیے ان کیلئے جماعت میں جگہ نہیں رہی۔ مزدور کسان پارٹی اور دیگر ایک دو جماعتوں نے میری حمایت کا اعلان کیا ہے ۔