اسلام آباد(نامہ نگار،نیٹ نیوز)جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری پر ایک بار پھر فرد جرم عائد نہ ہوسکی،احتساب عدالت اسلام آباد نے ویڈیو لنک کے ذریعے 6 جولائی کو فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کردی۔دوران سماعت آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے اور اپنے مؤکل کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی۔فاروق نائیک نے بتایا یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے تھے تو انہیں کورونا وائرس ہوگیا ، آصف زرداری کے لیے سفرکرنا مشکل ہے ، عمر زیادہ ہونے کے باعث کورونا وائرس کا خطرہ بھی زیادہ ہے ۔ جج اعظم خان نے کہاآپ بھی پیش ہورہے ہیں، کیا آپ کو زندگی پیاری نہیں، جب آپ پیش ہورہے ہیں تو آصف علی زرداری کوبھی بلا لیں، زیادہ مسئلہ ہے تو آصف زرداری کو الگ بلا کر ان سے دستخط لے لیتے ہیں۔احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں نامزد ملزمان کو بھی فرد جرم عائد کرنے کیلئے طلب کر لیا جبکہ نیب کو فرد جرم عائد کرنے کے لیے انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔