لاہور(نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے کورونا وباء کے باعث تھیٹرز کی بندش کیخلاف درخواست پردرخواست گزار کو سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کو فریق بنانے کی ہدایت کر دی۔جسٹس امیر بھٹی نے پروڈیوسر ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ کورونا وباء کے باعث پنجاب حکومت نے تھیٹرز کو بند کیا،سمارٹ لاک ڈاون کے باعث تمام کاروباری مراکز کھول دیئے لیکن تھیٹرز بند ہیں۔وزیر اعلی پنجاب، چیف سیکرٹری اور ڈی سی لاہور کو درخواستیں دیں لیکن شنوائی نہیں ہوئی۔پنجاب حکومت کے ایس او پیز کے تحت تھیٹرز چلانے کے لیے تیار ہیں، ایک سیٹ چھوڑ کے بیٹھنے اور ماسک و سینیٹائزر کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔ استدعا ہے کہ عدالت پنجاب حکومت کو ایس او پیز کے تحت تھیٹرز کھولنے کا حکم دے ۔عدالت نے درخواست گزار کو سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کو فریق بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔