سرینگر (اے پی پی)بھارتی فوجیوں میں خودکشی کابڑھتا ہوارحجان پہلے ہی بھارتی فورسز کیلئے ایک بڑا چیلنج تھا تاہم اب فوج کے ایک سینئر ڈاکٹر کے تازہ انکشافات نے کہ ہر سال دو سو بھارتی فوجی حادثات میںمعذور ہو جاتے ہیں، اعلیٰ فوجی قیادت کو شدید مشکل میں ڈال دیا ہے ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز کی میڈیکل سروسز کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل بپن پوری نے ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ ہر سال دو سو اہلکار بدترین جسمانی معذور ی کا شکا رہو جاتے ہیں ۔ معذورہونے کی بڑی وجہ میدان جنگ میں آنے ولے زخموں کے علاوہ دشوار گزار پہاڑی علاقوں حادثات اور برفانی تودے گرنا ہیں ۔ لیفٹیننٹ جنرل بپن پوری نے گزشتہ دس سال کے اعدادو شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ حادثات کی وجہ سے بعض دفعہ معدے اور سینے میں زخم آنے سے انٹریاں اور پھیپھڑے بھی بری طرح متاثر ہوجاتے ہیں۔ بھارتی فوج نے معذور فوجیوں کی دیکھ بھال ، ان کی مشکلات دور کرنے اور جلد صحت یابی کیلئے اقدامات کئے ہیں تاہم اس سلسلے میں جسمانی ، جذباتی ، نفسیاتی اور سماجی مسائل حائل ہیں۔