لاہور(سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک،آن لائن) کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیراعظم نوازشریف کو پنجاب حکومت کا ہرطرح کے علاج کی پیشکش سے متعلق خط موصول ہوگیا۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے 8 مارچ کو نوازشریف کو خط تحریر کیاتھا جو جیل حکام نے گزشتہ روز انکے حوالے کیا۔خط میں حکومت کی طرف سے ملک کے اندر علاج کیلئے نواز شریف کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔ نواز شریف مشاورت کے بعد چند روز میں حکومتی خط کا جواب دینگے ،اس حوالے سے انہوں نے وقت مانگ لیا ہے ۔علاوہ ازیں ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز گل نے بھی 2کارڈیالوجسٹ ہمراہ لیکر کوٹ لکھپت جیل میں نوازشریف سے انکے علاج کے حوالے سے ملاقات کی ۔چیف ایگزیکٹوپی آئی سی پروفیسر ندیم ملک اورپروفیسرثاقب شفیع نے نوازشریف کا چیک اپ کیا اور انکی ادویات میں تبدیلی کی تجویزدی۔ ڈاکٹرزنے نوازشریف کو ایکسرسائزسائیکل فراہم کرنے کی تجویز بھی دی۔ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے نوازشریف کو ایکسرسائزسائیکل فراہم کرنے کافیصلہ کرلیا ہے ۔ پنجاب حکومت نے مریم نوازکی ڈیمانڈپرجیل میں ہیلتھ یونٹ بھی قائم کردیاتھا، 3کارڈیالوجسٹ ہیلتھ یونٹ میں مرحلہ وارڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔دریں اثنا لاہور پریس کلب کے باہر ن لیگ کے کارکنوں نے نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے نواز شریف کے حق میں نعرے بازی بھی کی۔مظاہرہ کے دوران ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا ۔ پولیس نے ن لیگی کارکنوں سے مذاکرات کرکے انہیں سڑک کے ایک طرف کیا اور ٹریفک کو بحال کردیا۔