اسلام آباد،پشاور (وقائع نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان نے افغان صدر اشرف غنی کے ٹویٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ اشرف غنی کا ٹویٹ غیر ضروری اور پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے ۔ پیر کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اس قسم کے بیانات دونوں ہمسایہ ممالک کے تعلقات کیلئے سودمند نہیں ۔ عدم مداخلت کے اصولوں کی بنیاد پر پاکستان ، افغانستان کے ساتھ گہرے اور قریبی تعلقات کا خواہاں ہے ،افغان قیادت کو امن واستحکام کے مشترکہ مقاصد پر توجہ دینی چاہئے ۔ قبل ازیں پشاور پولیس نے پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین کو دیگر 9 ساتھیوں محمد سلمان، عبدالحمید، ادریس، بلال، محب، سجادالحسن، ایمل، فاروق اور محمد سلمان کو گرفتار کیا تھا۔پولیس کے مطابق پی ٹی ایم سربراہ کو ڈیرہ اسماعیل خان منتقل کیا جا ئیگاجہاں ان کیخلاف ایف آئی آر درج ہے ۔دریں اثنا منظور پشتین اور دیگر کو پولیس جوڈیشل مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا۔ عدالت نے تمام افراد کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔