لاہور،پشاور(جنرل رپورٹر،اپنے خبر نگار سے ،خبر نگار )پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کے عہدے کیلئے مسز رفعت زاہد کا انتخاب کر لیا گیا وہ اس ادارے کی سب سے پہلی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ ہوں گی ۔مسز رفعت زاہد 1984میں نرسنگ کے شعبے سے منسلک ہوئیں اور وہ گزشتہ35برسوں سے مختلف ہسپتالوں اور انتظامی عہدوں پر اپنی خدمات سر انجام دے چکی ہیں ۔علاوہ ازیں محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے گریڈ 18 اور 19 کے 86 مرد و خواتین سکول اساتذہ و سربراہان کے تبادلوں کے احکامات جاری کیے گئے ۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی منظوری کے بعد گریڈ 19 کی پرنسپل گورئمنٹ گرلز ہائی سکول سیالکوٹ زرینہ شاہد کو تبدیل کرتے ہو ئے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر برائے خواتین سیالکوٹ تعینات کرنے کے بھی احکامات جاری کیے گئے ۔دریں اثنا ریلوے کے گریڈ 18اور 19کے 10افسروں کے تبادلے کر دیئے گئے ، سابق ڈی ایس پشاور ڈویژن اور تقرری کے منتظر گریڈ 19کے آفیسر ناصر خلیلی کو ڈپٹی چیف مکینیکل انجینئر رسالپور تعینات کردیاگیا جبکہ دیگر تبدیل ہونے والے افسروں میں ڈپٹی چیف مکینیکل انجینئر کاشف اعجاز ، ڈپٹی چیف کنٹرولر آف پرچیز ہیڈ کوارٹر جواد علی سومرو ، گریڈ 18کے حبیب اللہ مہر،گریڈ 19سے مشروط نیپا کور س سے واپس آنے والے تقرری کے منتظر مقصود احمد ، گریڈ 18کے ڈپٹی ٹریفک منیجر شجاعت علی حسین ، تقرری کے منتظر ناصر نذیر ، وحید انور ، آسیہ سومرو ، طلحہ نسیم کھوکھر شامل ہیں۔