اسلام آباد(لیڈی رپورٹر،این این آئی)وزیراعظم کے معاونین خصوصی ثانیہ نشتراور عثمان ڈارنے اتفاق کیا ہے کہ مشکل گھڑی میں حکومت مستحق افراد تک خود پہنچے گی۔گزشتہ روزمعاونِ خصوصی برائے سماجی تحفظ ڈاکٹر ثانیہ نشتر سے عثمان ڈار نے ملاقات کی ۔اس موقع پر عثمان ڈار نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر ٹائیگر فورس کو متحرک کر دیا جائے گا۔ کورونا ٹائیگر فورس میں شامل نوجوان انتہائی مستحق اور بے روزگار مزدوروں کی نشاندہی کریں گے ۔ ثانیہ نشتر نے کہا کہ ٹائیگر فورس سسٹم میں اندراج سے رہ جانے والے مزدوروں اور دیہاڑی دار افراد تک پہنچے گی۔دریں اثنامعاون خصوصی ثانیہ نشترنے میڈیاسے گفتگو میں کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کیلئے بدھ کی صبح تک 4 کروڑ 30 لاکھ 44 ہزار 60 ایس ایم ایس موصول ہو چکے ہیں۔ اسلام آباد میں مزدوروں سے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے حوالے سے بات چیت کی اور ان کے مسائل سنے ۔ثانیہ نشتر نے مزیدکہا کہ احساس پروگرام میں محنت کشوں اور مزدوروں کی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے رضاکاروں کی مدد لینے کا بھی فیصلہ کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد پروگرام سے مستفیدہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین اوراپنی گاڑی رکھنے والے اس پروگرام سے فائدہ اٹھانے کے اہل نہیں۔انہوں نے کہا کہ ایک مرتبہ دی جانے والی یہ امداد ان افراد کے لئے ہے جن کی معاشی حالات کورونا وائرس کی وجہ سے بری طرح متاثر ہوئی ہے تاکہ وہ اپنے گھر والوں کے لئے راشن خرید سکیں،یہ پروگرام انتہائی ضرورتمندوں کے لئے ہے ۔ مستحق افراد کو بائیو میٹرک شناخت کے بعد رقم فراہم کی جائے گی اور اس کے لئے سیل پوائنٹس مقرر کئے گئے ہیں۔