اسلام آباد (خبر نگار ) عدالت عظمٰی نے بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی48 سے متعلق الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ معطل کرکے بلوچستان عوامی پارٹی کے اکبر اسکانی کو بحال کردیا ہے ۔اکبر اسکانی کو نااہل قرار دینے کے الیکشن ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔دوران سماعت اکبر اسکانی کے وکیل نے ٹربیونل کے فیصلے کے خلاف حکم امتناعی جاری کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ کیس میں دستاویزات جمع کر انی ہیں ، مہلت دی جائے ۔ مخالف فریق محمد اصغر کے وکیل نے حکم امتناعی کی مخالفت کی لیکن جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ حلقے کو نمائندگی کے بغیر نہیں رکھا جاسکتا۔ سپریم کورٹ نے الیکشن ٹریبونل کا 31 دسمبر کا فیصلہ معطل کردیا جبکہ جسٹس بندیال نے کہا کہ کیس کی مزید سماعت 24 جنوری کو کریں گے ۔واضح رہے کہ الیکشن ٹریبونل نے دھاندلی کے الزامات پر حلقہ پی بی 48 میں دوبارہ انتخابات کا حکم دیا تھا۔