رحیم یارخان،سیت پور، ملتان (سٹی رپورٹر،نامہ نگار ، جنرل رپورٹر ) رحیم یار خان کے علاقے کوٹ سمابہ کے نواحی چک 77 این پی میں سابق شوہر نے ساتھیوں سے ملکر میاں بیوی کو قتل کردیا، شبانہ نے ایک سال قبل علی سے خلع لیا، 5 ماہ قبل رشہ دار عبد الستار سے شادی کرلی، سابق خاوند علی کو رنج تھا، اس نے ساتھیوں کے ساتھ شبانہ کے گھر پر حملہ کردیا اور دونوں کو کلہاڑیوں کے وار سے قتل کردیا، مظفر گڑھ کے علاقے سیت پور کی نواحی بستی غریب شاہ والا میں دینی مدرسہ کے معلم 38 سالہ قاری منظور حسین گورمانی کو چکوال جانیوالی بس کے کنڈکٹر ساجد اور کلینر مجاہد نے بس سے اتار کر تشدد کرکے قتل کردیا، اہل علاقہ نے واقعہ کیخلاف شدید احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ملتان میں نالے سے 22 سالہ لڑکی لاش برآمد ہوگئی، قتل کے شبہ میں لڑکی کے شوہر کو گرفتار کرلیا گیا ، پیر کالونی میں بلوچ چوک نالے سے 22 سالہ کوثر کی بوری بند لاش ملی، 3 سال قبل شادی ہوئی تھی، ایک بیٹا بھی ہے ، شوہر فیاض کو گرفتار کرلیا گیا۔