وفاقی حکومت نے وزیر اعظم کے وژن کی روشنی میں تمام صوبائی حکومتوں کو رمضان المبارک کے لئے گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ کورونا کی تیسری لہر میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ روز 5312مریضوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت اور 105افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتے میں ہلاک ہونے والوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق تیسری لہر کے دوران وائرس 60سال سے زائد عمر کے لوگوں کو بہت زیادہ متاثر کر رہا ہے اور بزرگوں میں اموات کا تناسب بھی زیادہ ہے اس کے علاوہ اس بار کورونا سے بچے بھی محفوظ نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت اور علماء اکرام کی طرف سے مساجد میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے اور نمازیوں کو وضو گھر سے کر کے آنے کی اپیل کی جا رہی ہے۔ رمضان المبارک میں کیونکہ مساجد میں سحر اور افطار کے وقت رش بڑھ جاتا ہے اس لئے وفاقی حکومت نے رمضان المبارک میں گائیڈ لائن پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔بہتر ہو گا حکومت محکمہ کمیٹیوں اور مساجد کے امام صاحبان سے مل کر رمضان المبارک کے دوران احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنائے تاکہ رمضان کے دوران اس جان لیوا وباسے عوام کو محفوظ رکھا جا سکے۔