کراچی (کامرس رپورٹر)پاکستان سٹاک ایکس چینج میں جمعرات کوتیزی کا رجحان رہا۔ کاروبار کے آغاز پر ملا جلا رجحان رہا تاہم بعد ازاں سرمایہ کاروں اور مالیاتی اداروں کی توانائی،پیٹرولیم،ٹیلی کام ، فوڈزاور دیگر منافع بخش شعبوںمیں سرمایہ کاری کی بدولت کے ایس ای100 انڈیکس 532.86پوائنٹس اضافے سے 44899.60پوائنٹس ہو گیا ۔اس دوران مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ ایک کھرب 3 ارب 33 کروڑ 28 لاکھ 86 ہزار660 روپے اضافے سے 78کھرب4ارب49کروڑ40لاکھ83ہزار136روپے ہو گیا۔اس دوران 37کروڑ24لاکھ33ہزار حصص کے سودے ہوئے اور69.12فیصد حصص کی قیمت بڑھ گئی۔ مجموعی طور پر557کمپنیوں کا کاروبار ہوا ۔ادھرانٹر بینک میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر گھٹ گئی جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں مزید مہنگا ہوکر 173روپے کے قریب پہنچ گیا۔ انٹر بینک میں 30پیسے کمی سے ڈالر کی قیمت خرید 170.60 سے کم ہو کر170.30 اور قیمت فروخت170.70 سے کم ہوکر170.40روپے ہو گئی تاہم اوپن کرنسی مارکیٹ میں80پیسے اضافے سے ڈالر کی قیمت خرید 171.60 سے بڑھ کر172.40 اور قیمت فروخت172 سے بڑھ کر172.80روپے ہو گئی۔علاوہ ازیں ملکی صرافہ مارکیٹوں میں 660روپے کمی سے ایک تولہ سونے کی قیمت1لاکھ13ہزار500روپے جبکہ172روپے کی کمی سے 10گرام سونے کی قیمت97ہزار308روپے پر آ گئی۔