لاہور، کراچی،پشاور (نمائندہ خصوصی سے ، نمائندہ 92 نیوز،خبر نگار، ) ملک بھر میں رمضان المبارک کا چاند دکھائی نہیں دیاجس کے سبب کل منگل کو پہلا روزہ ہو گاجبکہ آج ملک بھر کی مساجد میں نماز عشا کے بعد نماز تراویح کے اجتماعات ہوں گے ۔ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اتوار کو کراچی میں ہواجس کی صدارت چیئر مین مفتی منیب الرحمن نے کی جبکہ مرکزی کمیٹی کی معاونت کے لئے اسلام آباد، کوئٹہ اور لاہور میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے ، لاہور اور ملک کے دیگر شہروں سے رمضان المبارک کا چاند دکھائی دینے کی شہادتیں موصول نہ ہو سکیں۔ادھرگزشتہ سال کی طرح امسال بھی روایت برقرار رہی مرکزی کمیٹی کے اعلان نہ کرنے کے باوجود پشاور میں مسجد قاسم علی خان کی غیر سرکاری کمیٹی نے آج روزہ کا اعلان کردیا،مسجد قاسم علی خان میں غیر سرکاری مقامی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی زیر صدارت ہوا جس میں صوبے کے مختلف اضلاع سے 22شہادتیں موصول ہوئیں،جس پر کمیٹی نے تصدیق کے بعد آج روزے کا اعلان کردیا۔دوسری جانب عوام نے مقامی کمیٹی کے اعلان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے غیر سرکاری کمیٹی کا اعلان حکومتی ناکامی کے زمرے میں آتا ہے ۔