لاہور( کامرس رپورٹر )سینئر وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں میں آٹے و چینی کے علاوہ دالوں، سبزیوں اور دیگر اشیا پر بھی 25فیصد تک رعایت ہوگی جبکہ معاون خصوصی اطلاعات وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کیلئے پنجاب حکومت نے پلان مرتب کر لیا ہے ۔ ڈی جی پی آر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایات کے مطابق پنجاب میں رمضان پیکج کی تیاری کر لی ہے ۔ کل سے صوبے بھر میں گندم خریداری کے مراکز پر کام شروع ہو رہا ہے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ کسانوں کو 400روپے فی من اضافے کے ساتھ 1800روپے کی ریکارڈ قیمت دینگے ۔ رمضان بازاروں میں 10کلو آٹے کا تھیلا375روپے کے رعایتی نرخوں پر دستیاب ہوگا۔ رمضان بازاروں میں آٹے و چینی کے علاوہ دالوں، سبزیوں اور دیگر اشیا پر بھی 25فیصد تک رعایت ہوگی۔رمضان بازاروں کو بعد میں سہولت بازاروں میں تبدیل کر دینگے ، سبسڈی جاری رہے گی۔ رمضان میں 20روپے کی رعایت کے ساتھ چینی 65 روپے فی کلو میں دستیاب ہوگی۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ پنجاب سندھ اور کے پی کے میں گندم و آٹے کی قیمت یکساں ہونی چاہیے ۔اس موقع پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ صوبائی وزیر خوراک اور چیف سیکرٹری نے وزیراعظم کو صوبے میں اشیائے خورونوش کی ڈیمانڈ اور سپلائی کے حوالے سے بریفنگ دی۔انہوں نے کہا کہ گندم,آٹا,چینی,دالیں اور سبزیوں کی قیمتوں میں کمی حکومتی ترجیحات کا حصہ ہے ۔وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کی زیر قیادت جنوبی پنجاب کے حوالے سے بڑے فیصلے کیے گئے جو وزیر خزانہ پنجاب ہاشم جواں بخت جلد قوم کے سامنے رکھیں گے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ڈسکہ الیکشن کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ڈسکہ حلقہ میں 21 فیصد کورونا پھیل چکا ہے ،کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کرتے ہوئے انتخاب کا انعقاد ممکن بنانا الیکشن کمیشن کا امتحان ہے ۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ن لیگی امیدوار کا رونا دھونا سمجھ سے بالاتر ہے ۔ ڈسکہ کے عوام فیصلہ کریں گے کہ پی ٹی آئی کا امیدوار ان کیلئے 1 ارب کا ترقیاتی پیکج علاقے کیلئے لیکر آئے گا دوسری طرف ن لیگی امیدوار جانشینی،گدی نشینی اور منشیات فروشی کا تحفہ دے گا۔