فیصل آباد، چنیوٹ (وقائع نگارخصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک) سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیٹوں حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کی ملکیتی رمضان شوگر ملز چنیوٹ کا ایک اور فراڈ سامنے آگیا۔ بتایا گیا ہے کہ چنیوٹ میں ایک سروے ٹیم کے گیارہ لوگ جن میں دو خواتین بھی شامل تھیں ایک پرفارمیپر لوگوں سے دستخط کرا رہے تھے اور لوگوں کو بتایا جارہا تھا کہ حکومت کی طرف سے کٹا اور مرغا پال سکیم کے لئے سروے کیا جارہا ہے جس کے لئے ان سے پانچ سو سے ایک ہزار روپے تک بھی وصول کئے جارہے تھے ۔ اس دوران کچھ لوگوں شک ہوا تو اہل علاقہ نے ان کے پاس موجود کاغذات چیک کئے تو وہ رمضان شوگر ملز کی طرف سے دھوکہ دہی سے اہل علاقہ سے نالہ کی تعمیر اور اس کے استعمال کے حوالہ سے اجازت نامے نکلے جس پر اہل علاقہ سیخ پا ہوگئے اور انہوں نے پوری ٹیم کو پکڑ لیا اور مقامی پولیس کو اطلاع کردی۔ سروے ٹیم نے پولیس کے سامنے اعتراف کرلیا ہمیں رمضان شوگر ملز انتظامیہ نے سروے کرنے بھیجا تھا۔ متعلقہ دیہات کے مکین ڈی پی او آفس کے سامنے پہنچ گئے اور غیر قانونی سروے کرانے پر احتجاج کیا۔ واضح رہے شوگر ملز کے غیر قانونی نالے کا کیس نیب میں زیر سماعت ہے اور رمضان شوگر ملز انتظامیہ اجازت نامے پر دستخط کروا کر نیب کے لئے ثبوت مٹانا چاہتی تھی کہ اہل علاقہ کو اس معاملہ کی خبر ہوگئی جس پر سینکڑوں افراد اکٹھے ہوئے اور غیر قانونی سروے ٹیم کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔ مظاہرین نے ڈی پی او چنیوٹ آفس کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے رمضان شوگر ملز انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔ پولیس نے یقین دہائی کرائی کہ اس معاملہ میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں رمضان شوگر ملز انتظامیہ کی طرف سے بوگس سروے کرانے میں رمضان ملز کے پانچ افسران بھی شامل ہیں جن کے خلاف مقامی لوگوں نے مقدمہ کے اندراج کے لئے پولیس کو درخواست دے دی ۔ ان میں عدیل احمد شاہ بزنس ہیڈ رمضان شوگر ملز، سرفراز احمد جی ایم، رانا احسن ڈپٹی کین مینجر ، چوہدری جاوید ٹیکنیکل ڈائریکٹر اور رانا ظفر حسین جنرل مینجر کین شامل ہیں۔ سروے ٹیم میں محمد رفیق اسلام آباد، وقاص احمد شیخوپورہ، سعید حسین شاہ سرگودھا، پرنس شیخوپورہ، مریم فاطمہ ننکانہ صاحب، شمیم اختر شیخوپورہ، اسد علی مکوآنہ جڑانوالہ، یاسر ارسلان چک جھمرہ، احسان الٰہی چنیوٹ، ارسلان رفیق چنیوٹ، محمد یٰسین، رانا مجاہد فیصل آباد اور شفقت چنیوٹ کے رہائشی ہیں۔