کراچی (کلچرل رپورٹر) معروف نعت خواں اسد ایوب نے نمائندہ 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ نعت خوانی ایک مقدس فن ہے ۔ حُب رسولﷺ کے بغیر ایمان کامل نہیں ہوسکتا ۔ میں اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ اﷲ رب العزت نے مجھے اس مقدس فن کے لئے چنا ہے کہ میں اپنی زبان سے اﷲ اور اسکے رسولﷺ کی حمد و ثناء کروں ۔ ماہ صیام جذبہ ایمانی کی تجدید و اﷲ اور اس کے حبیب مکرم ﷺ کو خوش وراضی کرنے کے لیے نادر لمحات میسر کرتا ہے ۔ ہمیں ان لمحات کو نعمت سمجھ کر فیضیاب ہونا چاہیے ۔ یہ ماہ مہمان خداوندی ہے جو دنیا و آخرت میں کامیابی کا باعث بنتا ہے ۔ ہر سال کوشش کرتا ہوں کہ اپنے سننے والوں کے لئے کچھ منفرد کروں اس سال بچوں کے لئے ایک خاص سگمنٹ باتوں باتوں میں شروع کیا ہے جس کو بہت پسند کیا جارہا ہے ،اس سگمنٹ میں بچوں کو دینی تعلیم اور ابتدائی دور کے قصے سنائے جاتے ہیں تاکہ بچوں کے ذہن دینی لحاظ سے بھی پختہ ہوں ۔