اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی )ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ بھارت نے جبراً200روز سے کشمیر کو جیل میں بدل رکھا ہے ،امید ہے امریکی صدر دور ہ بھارت کے دوران مقبوضہ کشمیر کے عوام کو درپیش مشکلات پر بات کرینگے اور کشمیر پرثالثیکی پیشکش کو عملی جامہ پہنائینگے ۔ صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان نے کہاکہ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس کے متاثرین آج بھی انصاف کے متلاشی ہیں ،اعتراف کے باوجود ماسٹر مائنڈ سوامی آسیم آنند اور دیگر مجرموں کو بری کیا گیا ۔پاکستان اس حوالے سے بھارت کو اپنی ذمہ داری یاد دلاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹاسک فورس کے رکن چین میں پاکستانی طلبا سے مسلسل رابطے میں ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں کو ٹارگٹ کرکے سعودیہ سے ڈی پورٹ کرنے کی خبریں درست نہیں ۔ سعودی عرب میں پاکستانیوں کیخلاف کوئی مہم نہیں چل رہی۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے گہرے دوستانہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب میں غیر قانونی تارکین کے خلاف مہم معمول کی کارروائی ہے ۔ترجمان کاکہنا تھا کہ پاکستان افغان امن عمل میں پیشرفت اور افغان فریقین کے درمیان نتیجہ خیز مذاکرات چاہتا ہے ۔ توقع ہے جلد یا بدیر افغان امن معاہدے پر دستخط ہو جا ئینگے اور اس میں تمام فریقین کے مفادات کو مدنظر رکھا جا ئیگا۔