واشنگٹن( 92نیوز رپورٹ ، نیٹ نیوز ) امریکی پارلیمنٹ کی سپیکر نینسی پیلوسی نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مواخذے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ضمن میں دستاویز تیار کی جائیں گی۔انہوں نے پارلیمانی قانونی کمیٹی سے کہا ہے کہ وہ اس ضمن میں تمام دستاویز اور قرائن کا جائزہ لے کر مواخذے کے نکات تحریر کرے ۔ نینسی پیلوسی نے زور دے کرکہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نہ صرف اپنے اختیارات سے تجاوز کیا ہے بلکہ ان کا غلط استعمال بھی کیا۔اس اعلان کے بعد اب اگلے مرحلے میں یہ کمیٹی اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے مواخذے کی روداد اور نکات تحریر کرے گی اور اسے پارلیمنٹ کے بھرپور اجلاس میں تمام اراکین کے سامنے پیش کیا جائے گا۔