واشنگٹن (نیٹ نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کسی نہ کسی وجہ سے خبروں کی زینت بنے رہتے ہیں،ہندوؤں کے تہوار دیوالی پر انہوں نے ٹویٹ کی جس میں کئی مذاہب کا ذکر کیا لیکن ہندوؤں کا تذکرہ ہی بھول گئے ۔ٹرمپ نے اپنے پیغام میں لکھا آج ہم دیوالی منانے کیلئے جمع ہوئے ، جو امریکہ اور پوری دنیا میں بدھ متوں، سکھوں اور جین مذہب کے ماننے والوں کا تہوار ہے ، ہزاروں لوگ اپنے اہلخانہ اور دوستوں کے ساتھ دیا جلانے اور نئے سال کا جشن منانے کیلئے جمع ہوئے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ کے اکاؤنٹ سے اس پیغام کو 2 مرتبہ ڈیلیٹ کر کے دوبارہ پوسٹ کیا گیا لیکن دونوں مرتبہ ہندوؤں کا ذکر رہ گیا، جس کے بعد اگلے پیغام میں انہوں نے ہندوؤں کا تذکرہ کر ہی دیا اور لکھا وائٹ ہاؤس کے روزویلٹ روم میں ہندوؤں کے تہوار دیوالی کی تقریب میں شرکت کرنا میرے لئے ایک اعزاز تھا، یہ لوگ بہت خاص ہیں۔سوشل میڈیا صارفین نے ان ٹویٹس پر صدر ٹرمپ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور مختلف تبصرے کئے ۔