واشنگٹن (اے پی پی، این این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے داماد جیرڈ کشنر کو وائٹ ہاؤس کا چیف آف سٹاف مقرر کرنے پر غور کر رہے ہیں۔امریکی اخبار ہفنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایوانکا ٹرمپ کے شوہر جیرڈ کشنر کو شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے اور انہوں نے جاب تفصیلات کے حوالے سے ایک سینئر ریپبلکن رہنما سے ملاقات کر لی ہے ۔قبل ازیں صدر ٹرمپ نے حالیہ چیف آف سٹاف جان کیلی کی دسمبر کے آخر تک عہدسے سے دستبرداری کا اعلان کیا تھا۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ سینڈرز نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ کشنر کے چیف آف سٹاف کیلئے نامزدگی سے آگاہ نہیں تاہم یہ سب جانتے ہیں کہ کشنر صدر ٹرمپ کی جانب سے منتخب کردہ ہر عہدے کیلئے بہترین ثابت ہونگے ۔