راولپنڈی،اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں،سپیشل رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے ترکی خطے کا اہم ترین مسلم ملک ہے ۔پاک، ترک تعاون میں وسعت کے علاقائی امن و استحکام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یہ بات ترکی کے ایک روزہ سرکاری دورے کے موقع پر کی۔ ترکی پہنچنے پر آرمی چیف کو گارڈ آف آنرپیش کیاگیا،ترک وزارت دفاع آمدپر چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ آرمی چیف نے ترک وزیر دفاع، ترکی کے کمانڈر جنرل سٹاف اور بری فوج کے سربراہ سے ملاقاتیں کیں اور خطے میں امن کے قیام کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر ترکی کوششوں کو سراہا۔ ترک اعلی حکام نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا اور کہا پاکستان نے افغان امن عمل میں قابل قدر کردار ادا کیا،دونوں ممالک برادرانہ تعلقات کے فروغ کیلئے کام کرتے رہیں گے ۔ملاقاتوں میں افغان امن عمل،دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سکیورٹی کے شعبوں میں تعاون، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ آرمی چیف نے آذربائیجان کابھی سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے آذربائیجان کے وزیرداخلہ سمیت عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی، سکیورٹی ،دفاعی تعاون، علاقائی امن ،تجارت اور توانائی سمیت مختلف امور پربات چیت کی گئی۔اس موقع پر آرمی چیف نے کہا موجودہ جیوسٹریٹجک حالات میں قریبی تعاون خصوصی اہمیت رکھتا ہے ، مختلف درپیش چیلنجز سے نمٹے کے لئے مشترکہ ردعمل وقت کی ضرورت ہے ۔ملاقاتوں میں آرمی چیف نے ہر سطح وفورم پر باہمی رابطوں کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آذربائیجان کی جانب سے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہا گیا۔ آذربائیجان کی عسکری قیادت نے افغانستان میں دیرپا امن کیلئے کوششوں کے لئے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کیا۔