اسلام آباد،کراچی (سپیشل رپورٹر،سٹاف رپورٹر) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بدین میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے بدین کے سیلاب متاثرین علاقوں میں ریلف اور میڈیکل کیمپوں کا بھی دورہ کیا جبکہ سیلاب متاثرین کیساتھ وقت گزارا اور پاک فوج کی ریلیف اور ریسکیو سرگرمیوں میں مصروف جوانوں سے بھی ملاقات کی۔ آرمی چیف نے بدین اور اسکے ملحقہ سیلاب زدہ علاقوں کا فضائی جائزہ بھی لیا۔علاوہ ازیں آرمی چیف نے کراچی میں تاجروں سے بھی ملاقات کی۔اس موقع پرآرمی چیف نے کہا کہ کاروباری برادری نے ہمیشہ قدرتی آفات میں بڑھ چڑھ کر مدد کی ہے ۔ کاروباری برادی سیلاب متاثرین کی مدد میں بھی پیش پیش ہے ۔اس موقع پرتاجر برادری نے معاشی خوشحالی کے محفوظ ماحول کی فراہمی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔تاجر برادری نے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ملک میں محفوظ ماحول کی فراہمی کیلئے پاک فوج کا کردار اور قربانیاں قابل تحسین ہیں۔