اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لئے قانون سازی کا عمل فوری شروع کرنے کے لئے وزیر دفاع پرویز خٹک کو اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ رابطوں کا ٹاسک سونپ دیا۔ذرائع کے مطابق بدھ کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا ۔اجلاس میں آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے قانون سازی اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے بارے میں مشاورت کی گئی۔ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعظم نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے لئے قانون سازی کا عمل فوری شروع کیا جائے ۔ انہوں نے وزیر دفاع پرویز خٹک کو اپوزیشن اور اتحادیوں کے ساتھ رابطوں کا ٹاسک دیتے ہوئے اپوزیشن کے ساتھ مل کر قانون سازی کی راہ ہموار کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سپریم کورٹ کی دی گئی6 ماہ کی مدت کے اندر قانون سازی کا عمل مکمل کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے سپیکراسد قیصر کو بھی ہدایت کی کہ وہ قانون سازی کے دوران قومی اسمبلی میں ماحول سازگار بنانے کو یقینی بنائیں۔وزیراعظم نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لئے اپوزیشن سے مل کر فوری فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا الیکشن کمیشن کو آزاد اور خود مختار بنانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ۔ وزیر اعظم نے ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ سٹیل ملز کی بحالی کے لئے بین الاقوامی کمپنی کا انتخاب نہایت شفاف عمل سے کیا جائے ۔وزیراعظم سے وسطی و مغربی ایشیاء ، ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے ڈائریکٹر جنرل نے ملاقات کی۔وزیر اعظم نے کہا موجودہ حکومت نے خاص طور پر ہائوسنگ سیکٹر کے تحت غریب طبقات کی ترقی کے لئے اپنی توانائیاں فوکس کی ہوئی ہیں ۔وزیراعظم سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے شعبہ دیہی ترقی و تحفظ خوراک کے سربراہ ڈاکٹر اکمل صدیق بھی ملے ۔وزیرِ اعظم نے کہا زرعی شعبے کی ترقی خصوصا شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانا اور کسانوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،ملک میں زرعی اجناس کی پیداوار کے بارے میں جامع منصوبہ بندی کے لئے عملی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔وزیرِ اعظم نے کہا کپاس، چاول، گندم و دیگر بڑی فصلوں کی پیداوار میں اضافے ، جدید ٹیکنالوجی اور طریقوں کو بروئے کار لانے کے ساتھ ساتھ حکومت فشریز، فارمنگ وغیرہ جیسے شعبوں پر بھی توجہ دے رہی ہے ۔ مزید برآں وزیراعظم سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور سینٹ میں قائد ایوان شبلی فراز نے ملاقات کی۔ وزیراعظم آفس کے ترجمان کے مطابق ملاقات میں وزیر دفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر، وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور سینیٹر اعظم خان سواتی اور وزیر مملکت علی محمد خان بھی موجود تھے ۔