اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی،آن لائن)پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن ہری پور کا دورہ کیا۔آرمی چیف نے دورے کے دوران سٹیٹ آف دی آرٹ الیکٹرانک وار فیئر لیبارٹری اور گراؤنڈ سرویلنس ریڈار ٹیسٹنگ لیبارٹریز کا افتتاح کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیشنل ریڈیو ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) مسلح افواج کے لئے الیکٹرانک وار فیئر آلات تیار کرتا ہے ۔این آر ٹی سی ورلڈ کلاس انفارمیشن کمپیوٹر ٹیکنالوجی (آئی سی ٹی) اور الیکٹرانک سامان تیار کرنے اور سرکاری اور نجی دونوں شعبوں میں حل فراہم کرنے والا بہترین ادارہ ہے ۔ اس کے علاوہ اس میں مسلح افواج کے لئے اعلیٰ قسم کے مقامی طور پر ای ڈبلیو آلات اور گراؤنڈ سرویلنس آر ریڈاربھی تیار کئے جاتے ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو این آر ٹی سی میں تیار عالمی معیار کے آلات سے آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر سربراہ پاک فوج نے این آر ٹی سی کی گزشتہ 3 سالہ کارکردگی اور انتھک کوششوں کی تعریف کی اور اس کی جدت پسندی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔دریں اثنا جاپان کے سینئر ڈپٹی وزیر خارجہ نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا ۔آرمی چیف قمر جاوید باجوہ سے ملاقات میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان مضبوط تعلقات چاہتے ہیں اور خطے میں امن کیلئے پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے ۔ جاپانی وزیر کا پاکستان سے باہمی دلچسپی، تعاون اور علاقائی صورتحال پر آرمی چیف کے ساتھ تبادلہ خیال کیا گیا۔