پشاور،اسلام آباد (92نیوز،این این آئی، مانیٹرنگ ڈیسک) پاک فوج نے چترال میں سول انتظامیہ کے ساتھ سیلاب متاثر ین کی مدد کیلئے ریلیف آپریشن شروع کردیا۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک فوج سیلاب متاثر ین کوہیلی کاپٹر کی مدد سے محفوظ مقامات پر منتقل کررہی ہے ، جہاں ان کوٹینٹ اورراشن کی سہولت مہیا کی جارہی ہیں، متاثرین کی طبی امداد کیلئے پاک فوج کی میڈیکل ٹیمیں بھی موجود ہیں۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق متاثرین کیلئے آرمی ہیلی کاپٹر کے ذریعے امدادی سامان اور راشن ارسال کیا گیا، آرمی ہیلی کاپٹر نے دو پروازوں میں امدادی سامان متاثرین کو پہنچایا،متاثرہ علاقوں سے 22مریضوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے نکالا گیا، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو بھی بذریعہ ہیلی نکالا گیا، سڑکوں کی بحالی کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ، دو سے تین روز میں سڑکوں کے بحال ہونے کا امکان ہے ۔ پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق متاثرہ علاقے گولین پائین بریج ون اور بریج ٹو میں پھنسے 70 افراد کوہیلی کاپٹر کے ذریعے بحفاظت ریسکیو کر کے محفوظ مقامات پر منتقل کر لیا گیا ہے ، چترال گولین میں دو ہیلی کاپٹرز نے وادی کے 22 مریضوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز چترال منتقل کر دیا۔پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کے ذریعے چترال متاثرین میں ایک ٹن راشن تقسیم کیا،پیدل جانے کا راستہ بحال کردیا گیا ہے ۔ ادھر صوبائی وزیر اطلاعات شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ محمود خان ریسکیو کارروائیوں کی نگرانی خود کر رہے ہیں، سڑک کی تعمیر کے لیے ہیوی مشینری پہنچ چکی ہے لیکن زمینی راستہ کی بحالی میں کچھ وقت لگے گا۔انہوں نے بتایا گلیشئر کے پگھلنے سے قریب کے تین گاؤں ازغور، بکا اور گولین پائن شدید متاثر ہوئے ،جہاں45سے 50گھر تباہ ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کی وجہ سے مزید گلیشئرز کے پگھلنے کا خطرہ بھی موجود ہے ۔