تہران(صباح نیوز)ایران کی عدالت نے 2 افراد کو برطانیہ، جرمنی اور اسرائیل کیلئے جاسوسی کرنے کے الزام میں 10، 10 سال قید کی سزا سنادی جبکہ جاسوسی کے الزام میں ہی مزید5 افرادکوگرفتارکیا گیا ہے ۔ عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسمعیلی نے کہا کہ ان میں ایک شخص مسعود مصاحب آسٹرین ایرانین سوسائٹی کے جنرل سیکرٹری کی آڑ میں موساد اور جرمنی کیلئے جاسوسی کرتے تھے ۔ان کا کہنا تھا کہ مصاحب نے انہیں ایران کی میزائل، نیوکلیئر، نینو ٹیکنالوجی اور طبی شعبے کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔ایرانی کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق ترجمان نے بتایا کہ دوسرے شخص شاہرام شرکانی ہیں جو برطانوی خفیہ ادارے کیلئے کام کررہے تھے ۔ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ شاہرام شرکانی بدعنوان حکام اور لوگوں کو بھرتی کرنے کے خواہاں تھے اور انہوں نے مرکزی بینک، میلی بینل اور وزارت دفاع سے متعلق معاہدوں کی معلومات فراہم کیں۔